سلمان خان اور شاہ رخ خان برائے فروخت؟


بالی وڈ میں سلمان خان اور شاہ رخ خان کی قیمت چاہے کروڑوں میں ہو لیکن بکرا منڈی میں آپ سلمان اور شاہ رخ کو کچھ ہزار روپوں یا پھر ایک آدھ لاکھ میں خرید سکتے ہیں۔
یقین نہیں آتا لیکن حقیقت یہی ہے۔ بقر عید کے موقع پر بھارت کے مختلف شہروں میں قربانی کے لیے فروخت ہونے والے جانوروں کے نام فلمی ستاروں کے نام پر رکھے گئے ہیں۔
اگر کوئی بکرا گورا چٹا اور تگڑا تھا تو اس کا نام سلمان خان رہا اور چھوٹا اور سانولا ہوا تو شاہ رخ خان کہلایا۔
اس سے یہ تو ثابت ہوا کہ ان دونوں کے مداح انھیں اپنی ہر خوشی کا حصہ بنانا چاہتے ہیں۔

عامر کو ’دنگل‘ مہنگا پڑ گیا

عامر خان کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ اپنی ہر فلم اور اس کے کردار کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں۔
سنا ہے کہ اپنی نئی فلم ’دنگل‘ کو انھوں نے کچھ زیادہ ہی سنجیدگی سے لے لیا ہے۔

یہ تو سبھی جانتے ہیں کہ انھوں ’دنگل‘ کے لیے اپنا وزن بڑھا کر 95 کلو کر لیا ہے اور انھیں صحت کے مسائل کا سامنا ہو رہا ہے۔
چند ہی روز قبل وہ لدھیانہ سے اپنی فلم کی عکاسی کر کے لوٹ رہے تھے کہ راستے میں انھیں سانس لینے میں دشواری ہونے لگی۔
’دنگل‘ کے بعد اگلی فلم کے لیے عامر خان کو ایک بار پھر اپنا وزن کم کر کے واپس جوان دکھائ دینا ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ اس فاسٹ فارورڈ کے چکر میں کہیں آپ مِس نہ ہو جائیں کیونکہ جان ہے تو جہاں ہے اور فلمیں بھی۔

ڈر ڈر کر جینا بھی کوئی جینا ہے

عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ ناکامی کا خوف انھیں ہمیشہ ہی مزید محنت کرنے کی ہمت دیتا ہے۔
تاہم پھر وہ یہ بھی کہتی ہیں کہ ڈر ڈر کر جینا بھی کوئی جینا ہے، کیونکہ اس کی وجہ سے آپ آج اپنی کامیابی کا لطف نہیں اٹھا پاتے۔

عالیہ نے اپنی پہلی فلم ’سوڈنٹس آف سے دی ایئر‘ کے ساتھ ساتھ نہ صرف ہٹ فلمیں دیں بلکہ ’ٹو سٹیٹ‘ اور ’ہائی وے‘ جیسی فلموں میں اپنی اداکاری کا لوہا بھی منوایا۔
بالی ووڈ میں عالیہ اور ’سوڈنٹس آف سے دی ایئر‘ میں ان کے ہیرو سدھارتھ ملہوترا کا نام جوڑا جاتا ہے۔
شادی کے بارے میں جب عالیہ سے پوچھا گیا تو انھوں نے کہا: ’ابھی میری شادی کی عمر نہیں ہے۔‘ ویسے کہا تو یہ بھی جاتا ہے کہ ان کی تو فلموں میں کام کرنے کی عمر بھی نہیں تھی۔

عمران خان کی ناکامیاں

 

ہٹ فلموں میں جہاں عالیہ کا ایک ریکارڈ ہے وہیں فلاپ فلموں میں عمران خان بھی ریکارڈ بنانے کے راستے پر ہیں۔
اب ان کا کہنا ہے کہ انڈسٹری میں انھیں ان کا جائز حق نہیں ملا اورلوگ ان کی کامیابی کے بجائے ناکامیوں کا ذکر زیادہ کرتے ہیں۔
اب عمران سے کوئی پوچھے کہ بھائی، جو چیز زیادہ نظر آئے گی تو ذکر بھی اسی کا ہو گا۔

بالی وڈ میں ٹوئٹر کا چلن

 

ایک تو بالی وڈ میں ٹوئٹر کا اتنا چلن ہو چلا ہے کہ تمام بڑی شخصیات بڑی بڑی خبریں ٹوئٹر پر ہی بریک کرتے ہیں اور تو اور، تبصرے بھی وہیں کر ڈالتے ہیں۔
اب کرن جوہر کو ہی لے لیجیے۔ انھوں نے بھی فلم ’تماشا‘ میں رنبیر اور دیپکا کی’کیمسٹری‘ پر تبصرہ کر ڈالا۔
ان کا کہنا تھا کہ تماشا میں دیپیکا اور رنبیر کی کیمسٹری ان کی فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ سے بھی کہیں زیادہ نظر آئی۔
کرن بھائی رحم کریں، قطرینہ کیف بھی آپ کے فالوورز میں شامِل ہیں۔